آوارہ کتوں کی بہتات، شہری خوف و ہراس کا شکار

آوارہ کتوں کی بہتات، شہری خوف و ہراس کا شکار

گلی، محلوں، بازاروں، تعلیمی اداروں، اسپتالوں میں غول کے غول نظر آتے ہیں ،کتوں کی بڑھتی تعداد شہریوں کیلئے بڑا خطرہ، متعلقہ ادارے اقدامات سے گریزاں

کراچی (دنیا نیوز)کراچی میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے مسلسل واقعات کے باعث شہری خوف زدہ نظر آتے ہیں، برسوں سے مناسب اقدامات نہ ہونے کے باعث کتوں کی بڑھتی تعداد شہریوں کیلئے بڑا خطرہ بن گئی۔ حکومتی سطح پر کتوں کی تعداد پر قابو پانے کیلئے نس بندی مہم تو چلائی جارہی ہے مگر خطرناک کتوں سے شہریوں کے تحفظ کے اقدامات نظرانداز کردئیے گئے ہیں۔ شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات سے شہری خوف و ہراس کا شکار ہیں۔گلی، محلوں ، پارک ، کھیل کے میدانوں، تعلیمی اداروں، بس اسٹاپ ، بازار حتیٰ کہ اسپتالوں کے اندر بھی آوارہ کتوں کے غول کے غول نظر آتے ہیں۔ خواتین، بچے اور عمر رسیدہ افراد خطرناک آوارہ اور پاگل کتوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ سگ گزیدگی کے مسلسل واقعات اور شکایات کے باوجود متعلقہ ادارے موثر اقدامات سے گریزاں ہیں۔ ضلع شرقی سے سابق بلدیاتی نمائندے جنید مکاتی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کتا مار مہم کے نام پر مبینہ کرپشن کررہی ہے، برسوں سے کتا مار مہم موثر طریقے سے نہ چلائے جانے کے باعث شہر میں لاکھوں کی تعداد میں آوارہ کتے گھوم رہے ہیں ۔ شہر میں کتوں کی بہتات جہاں مسئلہ بنی ہوئی ہے وہیں سگ گزیدگی کے شکار بچے اور دیگر افراد کو بروقت ویکسین نہ لگنے سے اموات بھی ہو جاتی ہیں۔ شہر میں رواں سال کتے کے کاٹے کے 23 ہزار واقعات انڈس اسپتال، سول اسپتال اور جناح اسپتال میں رپورٹ کیے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں