قیام امن کیلئے سیکیورٹی ادارے متحرک ہیں،گورنر سندھ

قیام امن کیلئے سیکیورٹی ادارے متحرک ہیں،گورنر سندھ

سندھ حکومت کا عجلت میں بلدیاتی نظام کا بل پاس کرناغیر ذمہ دارانہ عمل ہے ،پولیس افسران کے معاملے پروزیر اعلیٰ کا ردعمل مناسب نہیں ،عمران اسماعیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گالف کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، اس وقت نوجوان گالف میں دلچسپی لے رہے ہیں ،باصلاحیت گالفرز اسپانسرز نہ ہونے کے باعث انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ نہیں لے پاتے ، میری باصلاحیت گالفرز کو آفر ہے کہ آپ انٹر نیشنل ایونٹ کے لئے کوالیفائی کریں، ہم آپ کو اسپانسر کریں گے ۔ ان خیالا ت کا اظہار گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ گورنرزکپ اوپن گالف ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ میں تقریباً ڈھائی کروڑ روپے تک کے انعامات رکھے گئے تھے، انعامی رقم کے اعتبار سے یہ پاکستان میں گالف کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، اس سلسلے کو جاری رکھیں گے، آئندہ بھی اس طرح کے ایونٹ کرائیں گے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے عجلت میں نئے بلدیاتی نظام کا بل پاس کیا جو غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، سندھ حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ اس بل کو اسمبلی میں صحیح انداز میں پارلیمانی روایات کے مطابق پیش کرتی۔گورنر نے کہا کہ ملک میں امن وامان کے قیام کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں اوران شاء اللہ یہ امن و امان ہمیشہ قائم رہے گا۔ سندھ پولیس کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ مراد علی شاہ ایک ذمہ دار شخص ہیں ، سندھ پولیس کے افسران کے معاملے پر ان کا ردعمل مناسب نہیں ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں