اسمارٹ سٹی سے حادثات میں کمی ہوگی،ڈاکٹر بیانگ گگ

اسمارٹ سٹی سے حادثات میں کمی ہوگی،ڈاکٹر بیانگ گگ

ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت ،ڈاکٹرزبیر،اسمارٹ سٹی ہمارا خواب ،انجینئر محفوظ ،آئی ای ای ای نے جدید شہر کا بہترین ماڈل پیش کیا،محمد علی جناح یونیورسٹی میں سیمینار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجینئرز کے ریجن 10 کے سربراہ ڈاکٹر بیانگ گگ پارک نے کہا ہے کہ موجودہ دور اسمارٹ سٹی کا ہے، ترقی یافتہ ممالک جدید شہرقائم کرکے اپنا ٹریفک نظام، زراعت سمیت دیگر شعبہ جات کنٹرول کررہے ہیں۔ وہ محمد علی جناح یونیورسٹی میں آئٹم تھری فیوچر ڈائریکشن سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ محمد علی جناح یونیورسٹی اور آئی ای ای ای کے تعاون سے ہونے والے سیمینار میں ماہرین نے شہروں کو جدید بنانے، الیکٹرونکس کی مدد سے شہریوں کو مزید بہتر اورمحفوظ شہر فراہم کرنے کے لئے تجاویز پیش کیں۔ بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بیانگ گگ پارک نے مزید کہا کہ آئی ای ای ای کے انجینئرز نے جدید شہر کا جو ماڈل پیش کیا ہے اس میں دو میگا پکسل کیمر ے کی مدد سے ٹریفک کنٹرول کرکے حادثات سے بچا جاسکے گا۔ اسمارٹ سٹی میں شمسی توانائی کے فروغ سے زرعی پیداوار مزید بڑھائی جاسکے گی۔ صدر محمد علی جناح یونیورسٹی ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ اسمارٹ ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت ہے جس کے ذریعے جدید تحقیق میں مدد مل سکتی ہے، ہم اپنے طلباکو اسمارٹ ٹیکنالوجی کی افادیت کے بارے میں خاص طور پرآگاہ کرتے ہیں۔ ڈائریکٹر اسمارٹ ٹرانسپورٹیشن پروجیکٹ انجینئر محفوظ عروسانی نے کہا کہ شہر وں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کنٹرول کرکے بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں