گیس کی قلت، گھروں کے چولہے ٹھنڈے، ہوٹلوں نے کھانوں کے نرخ بڑھادیئے

گیس کی قلت، گھروں کے چولہے ٹھنڈے، ہوٹلوں نے کھانوں کے نرخ بڑھادیئے

بیکری والوں نے ڈبل روٹی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا، شہر میں کوئلے ، مٹی کے تیل کی فروخت اور بجلی سے چلنے والے چولہوں کی مانگ بھی بڑھ گئی ، ایل پی جی سلنڈر بھی مہنگا ہوگیا

کراچی (رپورٹ: عابد حسین)کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہزاروں گھریلو صارفین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے، گیس نہ ملنے کی آڑ میں بیکری والوں نے ڈبل روٹی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا، شہر میں کوئلے اور مٹی کے تیل کی فروخت اور بجلی سے چلنے والے چولہوں (ہیٹرز) کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا تاہم دکانداروں کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگ بجلی کے چولہے خریدنے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ یہ 2000 واٹ بجلی صرف کرتا اور بجلی کے بھاری بل کا سبب بنتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی گیس کا بحران جاری ہے ۔ خواتین کا کہنا ہے کہ روٹی پکانا مشکل ہوگیا ہے ، بازار سے ڈبل روٹی منگوائی تو 85 روپے والی ڈبل روٹی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کر دیا گیا ، جو اب 105 روپے میں مل رہی ہے ۔ بعض علاقوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں گیس لوڈشیڈنگ 6 گھنٹے سے بڑھ کر8 گھنٹے ہوگئی ہے۔ گلشن معمار اور اطراف میں گیس شام 6 سے صبح 6 تک نہیں ملتی۔ اورنگی، نیو کراچی، گریکس اور سائٹ بلدیہ میں بھی کم گیس پریشر کی شکایات ہیں جبکہ کھارادر، کیماڑی، سی ویو، ڈی ایچ اے کے مختلف فیز، ملیر، سلمان فارسی سوسائٹی اور جامعہ ملیہ کے اطراف میں بھی گیس کی قلت کا سامنا ہے۔ ایک جانب گھر میں چولہوں پر گیس دستیاب نہیں ہے تو دوسری جانب ایل پی جی سلنڈر بھی مہنگا ہوگیا ہے، ہوٹلوں نے کھانوں کے نرخ بڑھا دئیے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں