واٹر بورڈ کا منگھو پیر میں بڑا آپریشن، غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار، ملزمان کیخلاف مقدمات درج
واٹر بورڈ کی 66 انچ لائن سے پانی چوری کرکے مختلف علاقوں میں فروخت کیا جاتا تھا،کارروائی کے دوران ہیوی مشینری، پمپس، جنریٹرز اور سیکڑوں فٹ پائپ قبضہ میں لے لیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ نے منگھوپیر ڈسٹرکٹ ویسٹ میں غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے خلاف بڑا آپریشن کرکے ہائیڈرنٹ مسمار کردیا۔کارروائی کے دوران ہیوی مشینری، پمپس، جنریٹرز اور سیکڑوں فٹ پائپ قبضہ میں لے لیا گیا ۔ ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمات درج کرائے جائینگے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان کی ہدایات پر اینٹی تھیفٹ سیل انچارج واٹر بورڈ عبدالواحد شیخ کی سربراہی میں آپریشن کرتے ہوئے 4 انچ کے 3 کنکشنز منقطع کردیئے گئے ، ملزمان واٹر بورڈ کی 66 انچ پانی کی لائن سے غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے منگھوپیر کا پانی چوری کرکے غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے ذریعے مختلف ایریاز میں فروخت کرتے تھے ۔عبدالواحد شیخ کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران ہیوی مشینری، پمپس، جنریٹرز اور سیکڑوں فٹ پائپ قبضہ میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملوث ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں پانی چوری کے نئے قانون کے تحت مقدمات درج کرائے جائینگے ۔ وزیر بلدیات نے انچارج اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانی چوروں کے خلاف آپریشن کا دائرہ شہر کے دیگر علاقوں تک وسیع کیا جائے، شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور آپریشن بلا کسی امتیاز وتخصیص کیا جائے۔ دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ان کے خلاف نئے قانون کے تحت مقدمات درج کرائے جائیں۔