بلدیہ عظمیٰ:دواضلاع میں غیرقانونی دکانیں،پتھارے مسمار

بلدیہ عظمیٰ:دواضلاع میں غیرقانونی دکانیں،پتھارے مسمار

لیاقت آباد سپرمارکیٹ ، گرومندر،لسبیلہ چورنگی پر محکمہ انسدادتجاوزات کی کارروائی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ انسداد تجاوزات نے شہر کے مختلف علاقو ں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر تعمیر دکانیں، پتھارے ،ہوٹلز اور ان کے سامنے بنے چبوترے مسمار کردیے ۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے بدھ کو شہر کے 2 اضلاع میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ آپریشن ضلع وسطی میں لیاقت آباد سپر مارکیٹ اور ضلع شرقی میں گرومندر و لسبیلہ چورنگی پر کیا گیا۔ آپریشن کی نگرانی محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی نے کی۔ آپریشن میں دکانوں کے سامنے بنائے گئے چبوترے ، سیڑھیاں، دیواریں، سن شیڈ کو مسمار کیا گیا، جبکہ مختلف اقسام کی تجاوزات کیبن ہوٹل کا سامان، کرسیاں، میزیں، تخت، لوہے کے اسٹال، پنکچر بنانے کا سامان، مرغیوں کے پنجرے ، ٹھیلے ، پتھارے اور دیگر تجاوزات کو ختم کردیا گیا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کئے جارہے ہیں جن میں ضبط کیا جانے والا سامان کے ایم سی کے مختلف علاقوں میں بنائے گئے اسٹورز میں جمع کرا دیا جاتا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں