غلط معلومات سے پی ایس ٹی، جے ای ایس ٹی امیدوار پریشان

غلط معلومات سے پی ایس ٹی، جے ای ایس ٹی امیدوار پریشان

کاغذات مکمل ہونے کے باوجود نئی دستاویز مانگ کر دوڑیں لگوائی جا رہی ہیں، امیدوار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں پرائمری اسکول ٹیچرز (پی ایس ٹی) اور جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز (جے ای ایس ٹی) کے لئے امتحان پاس کرنے والے امیدوار متعلقہ ڈی ای اوز میں رُلنے لگے ہیں۔ دستاویزات جمع کرانے کیلئے دفتری عملے کی جانب سے غلط معلومات دئیے جانے کے باعث کئی کئی دن دفتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہوگئے۔ کاغذات مکمل ہونے کے باوجود نت نئی دستاویز مانگ کر امیدواروں کی دوڑیں لگوائی جا رہی ہیں۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ لگتا ہے سندھ حکومت حیلے بہانوں سے امیدواروں کو مسترد کرکے اپنے من پسند افراد کو بھرتی کرنا چاہتی ہے۔ اسٹار گیٹ پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کے 2 دفاتر موجود ہیں، جن میں سے ایک پرائمری اور دوسرا ایلیمنٹری، سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری کے نام سے ہے۔ امیدواروں کو کاغذات جمع کرانے کے حوالے سے پرائمری سیکشن کی جانب سے مسلسل غلط معلومات دئیے جانے پر مرد اور خواتین امیدواروں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ دونوں سیکشنز کے درمیان تعاون کا فقدان ہے ۔ امیدواروں نے وزیر تعلیم سردار علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ان کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں