پڈعیدن میں خسرہ کے باعث تین کمسن بچے جاں بحق

پڈعیدن میں خسرہ کے باعث تین کمسن بچے جاں بحق

ڈگری میں اوطاق سے پھندالگی لاش ملی،محراب پورمیں ٹریکٹرٹرالی ڈرائیور ہلاک

پڈعیدن،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) پڈعیدن کے قریب گائوں کریم بخش شر اور ارباب شر میں تین روز کے دوران خسرہ کے باعث ایک دن میں تین بچے چار سالہ ابوبکر شر،تین سالہ عمر فاروق اور چار سالہ مظہرعلی ڈولو ہلاک ہو گئے ۔ متاثرہ علاقے کے مکینوں نے ڈاکٹر اور صحت ٹیموں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہا کہ ہم متاثرہ بچوں کو پڈعیدن رورل ہیلتھ سینٹر لے گئے تو انہوں نے علاج نہیں کیا جبکہ علاقے میں صحت کی ٹیمیں ابھی تک نہیں پہنچیں۔ انہوں نے حکومت سندھ ، ڈی ایچ او نوشہروفیروز سے مطالبہ کیا کہ گاؤں میں ٹیمیں بھیج کر مزید بچوں کی زندگیاں بچائی جائیں۔ رورل ہیلتھ سینٹر پڈعیدن کے ایم ایس ڈاکٹر مبین احمد راجپوت نے بتایا کہ اسپتال میں دوائوں کی کمی نہیں ، 2 ڈاکٹروں کی ٹیم متاثرہ گاؤں بھیج دی گئی ہے جو پانچ متاثرہ بچوں کا علاج کر رہے ہیں، کل دوبارہ ٹیم کو بھیجیں گے۔ ڈگری پولیس اسٹیشن کی حدود میں پرانا دمبالو دیہہ 151 میں ٹنڈوالہ یار کے رہائشی دھنارام میگھواڑ کی پھندا لگی لاش اوطاق سے برآمد ہوئی ،ذرائع کے مطابق دھنارام گزشتہ روز مہمان بن کر آیا تھا ـ اور صبح اوطاق سے اسکی چھت کی لکڑیوں میں قمیض سے بنے پھندے میں لٹکی ہوئی لاش ملی۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق قومی شاہراہ پر کنڈیارو کی گیمن موری کے پاس ٹریکٹر ٹرالی الٹ جانے سے ڈرائیور غلام نبی جھکرانی کچل کر جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ڈرائیور کا تعلق کندھ کوٹ سے تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں