انسدادتجاوزات کیلئے آخری حدتک جائیں گے ،آصف میمن

انسدادتجاوزات کیلئے آخری حدتک جائیں گے ،آصف میمن

کے ڈی اے اراضی پرغیرقانونی تعمیرات کومسمارکرنے کیلئے بہترحکمت عملی اپنائی جائے،عدالت عظمیٰ کے احکامات پرمن وعن عمل کیا جائے گا، ڈی جی کے ڈی اے کاکورنگی کادورہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف علی میمن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو منہدم اور کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے کے لئے بہتر حکمت عملی کے ساتھ آپریشن شروع کیا جائے، اس ضمن میں کسی قسم کے دباؤ کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، تجاوزات کے خلاف آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی سیکٹر 36 اور 36/A یوسی 22 کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت جاری کی کہ کورنگی میں موجود سرکاری اراضی پر قائم ناجائز تعمیرات کی ویری فکیشن کی جائے اور ان کی نشاندہی کر کے ہنگامی بنیادوں پر مسمار کرنے کا عمل شروع کیا جائے ۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے گا اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام اس بات کو یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر تحریری رپورٹ ڈی جی آفس میں پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کراچی کی ترقی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات پر یقین اور باہمی تعاون و اتفاق سے شہریوں کے لئے ممکنہ سہولتیں فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں