دہلی کالونی میں 6 منزلہ عمارت، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کا معاملہ نیب ارسال کرنے کا حکم
حاضر سروس افسران کے خلاف کارروائی کریں، چار ہفتے کا وقت دے رہے ہیں، بتائیں کیا پیش رفت ہوئی،سندھ ہائی کورٹ،فیصلے پر عمل نہ ہوا تو ڈائریکٹر ملٹری لینڈ پر توہین عدالت لگائیں گے ،ریمارکس،تجاوزات آپریشن میں رکاوٹ پرمقدمے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے دہلی کالونی میں 66 اسکوائر یارڈ پر قائم 6 منزلہ عمارت بنانے سے متعلق دائر درخواست پر چار ہفتے میں کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے افسران کیخلاف کارروائی مکمل کرنے اور ریٹائرڈ ملازمین و افسران کا معاملہ نیب کو ارسال کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر فیصلے پر عمل نہ ہوا تو ڈائریکٹر ملٹری لینڈ پر توہین عدالت لگائیں گے ۔ بدھ کو جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہری عدنا ن کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ معاملہ ڈائریکٹر ملٹری لینڈ کو منتقل کر دیا گیا۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایک ماہ پہلے اپنے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ وکیل کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ ذمہ داران کے خلاف چارج شیٹ فریم کریں گے، کچھ وقت درکار ہے۔ جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے کون کون سے افسران ذمہ دار قرار پائے؟۔ کنٹونمنٹ کے وکیل نے کہا کہ کچھ ملازمین ریٹائرڈ ہو چکے ۔ جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے جو ریٹائرڈ ہو گئے ان کے خلاف معاملہ نیب بھیجیں، جو حاضر سروس ہیں ان کے خلاف کارروائی کریں۔ چار ہفتے کا وقت دے رہے ہیں، بتائیں کیا پیشرفت ہوئی۔ عمارت گرائیں اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کریں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے اگر فیصلے پر عمل نہ ہوا تو ڈائریکٹر ملٹری لینڈ پر توہین عدالت لگائیں گے۔ عدالت نے تجاوزات آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کردی۔