منگھو پیر میں جھگڑے کے دوران لاٹھی کے وار سے ٹھیکیدار جاں بحق
منگھو پیر میں جھگڑے کے دوران لاٹھی کے وار سے ٹھیکیدار جاں بحق ہوگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مقتول کا ساتھیوں سے کاروباری تنازع چل رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی دوپہر منگھوپیر کے علاقے خیرآباد میں جھگڑے کے دوران لاٹھی کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت 55سالہ زرین خان ولد تاج محمد خان کے نام سے کی گئی۔ مقتول کے ورثا نے بتایا کہ زرین خان ٹھیکیدار اور مومن آباد کا رہائشی تھا ، مقتول علاقے میں ہی گھروں کی تعمیرات کرتا تھا، اس کا اپنے ساتھیوں کے ساتھ کاروباری تنازع چل رہا تھا ، گزشتہ روز بھی وہ اسی سلسلے میں منگھوپیر ان کے پاس گیا تھا کہ اس دوران ان کے درمیان جھگڑا بڑھ گیا اور مخالف گروپ نے اسے تشدد کرکے قتل کردیا۔ ورثا کا کہنا ہے کہ وہ قاتلوں کو جانتے ہیں اور نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ مقتول کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا سے تھا ۔ پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔