گیس قلت، چاند بی بی روڈ، نیو پریڈی اسٹریٹ پر احتجاج

گیس قلت، چاند بی بی روڈ، نیو پریڈی اسٹریٹ پر احتجاج

مظاہرین میں خواتین بھی شامل، سڑک بلاک کر کے سوئی گیس کمپنی کے خلاف نعرے،چائے تک باہر سے منگوانی پڑرہی ہے، اتنے اخراجات کہاں سے برداشت کریں، مظاہرین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گیس کی عدم فراہمی پر چاند بی بی روڈ اور نیوپریڈی اسٹریٹ پر مکینوں نے احتجاج کیا۔ احتجاج میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ مظاہرین نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف احتجاج کے دوران روڈ بلاک کردیا، جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق چاند بی بی روڈ نزد بوہرہ پیر مزار کے قریب گوندی اسٹریٹ اور نیو پریڈی اسٹریٹ پر شہاب الدین مارکیٹ کے سامنے مکینوں نے گیس کی عدم فراہمی پر روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں۔ مظاہرین نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ 8 ماہ قبل گوندی اسٹریٹ پر ایم این ا ے آفتاب صدیقی کے فنڈ سے ترقیاتی کام کے سلسلے میں سیوریج لائن ڈالی گئی تھی، جس کے دوران گیس لائن متعدد مقامات سے خراب ہوگئی، 8 ماہ گزرنے کے بعد بھی سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے اس مسئلے پر توجہ نہیں دی جارہی، جس کی وجہ سے تقریباً 100 گھر سوئی گیس سے مستقل طور پر محروم ہیں، جبکہ نیو پریڈی اسٹریٹ پر مظاہرین نے احتجاج کے دوران بتایا کہ پورے دن گیس کی فراہمی بند رہتی ہے ، جس کے باعث گھروں میں کھانا بنانا تو دورکی بات، چائے تک باہر سے منگوانی پڑرہی ہے، اس مہنگائی کے دورمیں ہم لوگ اتنے اخراجات کہاں سے برداشت کریں؟۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں