دو دن میں تیسرا غیرقانونی ہائیڈرنٹ مسمار،مقدمات درج

دو دن میں تیسرا غیرقانونی ہائیڈرنٹ مسمار،مقدمات درج

اینٹی تھیفٹ سیل کی رمضان گوٹھ میں کارروائی، مشینری ،پائپ ودیگرسامان ضبط،ملزمان بلدیہ 48انچ ،اورنگی 24انچ پانی کی لائن سے پانی چوری کررہے تھے ،انچارج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ نے دو دنوں میں تیسری بڑی کارروائی کے دوران رمضان گوٹھ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں ایک اور غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار کردیا۔ آپریشن اینٹی تھیفٹ سیل انچارج واٹر بورڈ عبدالواحد شیخ کی سربراہی میں ہوا، ملزمان بلدیہ 48 انچ اور اورنگی 24 انچ پانی کی لائن سے غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے ذریعے پانی چوری کرکے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے ۔عبدالواحد شیخ کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کی جانب سے دوسری بڑی کارروائی کی گئی ہیَ کارروائی کے دوران ؓحٓڑٰ مشینری، پمپس، جنریٹرز اور سیکڑوں فٹ پائپ قبضہ میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملوث ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں پانی چوری کے نئے قانون کے تحت مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر بلدیات نے انچارج اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ عبدالواحد شیخ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانی چوروں کے خلاف آپریشن کا دائرہ شہر کے دیگر علاقوں تک وسیع کیا جائے اور شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور آپریشن بلا کسی امتیاز وتخصیص کیا جائے ۔دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان کا کہنا تھا کہ ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ان کے خلاف پانی چوری کے نئے قانون کے تحت مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں