شہری سندھ کے عوام سے ہر اختیار چھین لیا گیا ،ایم کیوایم
پاکستان بنانے والے پی پی کی متعصب قیادت کے نرغے میں ہیں،کنورنوید،وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان و پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل نے ضلع وسطی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر و ڈپٹی میئر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کرانے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں،کراچی پر ہونے والے ظلم کے خلاف ہمیں خود احتجاج کرنا ہوگا، لاکھوں جعلی ڈومیسائل بنا کر شہری سندھ کے نوجوانوں کی نوکریوں پر شب خون مارا گیا، پاکستان بنانے والے سندھ میں پیپلز پارٹی کی متعصب قیادت کے نرغے میں ہیں، نہ کوئی عدالت، نہ کوئی ادارہ اور نہ وفاقی حکومت داد رسی کیلئے آتی ہے، ہر ایک اختیار شہری سندھ کے عوام سے چھین لیا گیا ہے، نیا بلدیاتی قانون تاریخ کا بد ترین کالا قانون ہے ۔ ڈپٹی کنوینر و سابق میئر کراچی وسیم اخترنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگ سندھ حکومت کی نا اہلی سے تنگ ہیں، ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں گے، جب تک ہم کراچی کے اوپر مستقل ڈاکا زنی کو ختم نہیں کریں گے سکون سے نہیں بیٹھیں گے ، کراچی کے لوگ بہت بڑی تحریک چلانے کو تیار ہو جائیں، اگر وزیر اعظم عمران خان سمیت تمام اعلیٰ حکام نے کراچی کے عوام کیلئے فی الفوراقدامات نہ کئے تو عوام کسی کو بھی معاف نہیں کریں گے ، عدالتوں اور وفاقی حکومت کو معاملے پر فوری ایکشن لینا ہوگا، ورنہ کراچی اور شہری سندھ کے عوام سڑکوں پر آگئے تو انہیں قابو کرنا مشکل ہو جائے گا۔