سندھ حکومت حیدرآباد میں میڈیکل کالج مکمل نہیں کررہی، ایم کیو ایم
متعصبانہ رویے ، تعلیم دشمن پالیسیوں کا نوٹس لیا جائے ، صابر قائمخانی، راشد خلجی
حیدرآباد(نمائندہ دنیا) متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین اسمبلی صابر قائم خانی اور راشد خلجی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت حیدرآباد شہر کے میڈیکل کالج کو مکمل کرنے کیلئے تیا رنہیں ۔ اعلیٰ حکام سندھ حکومت کے متعصبانہ رویے اور تعلیم دشمن پالیسیوں کا نوٹس لیں۔ یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت تعلیم دشمن اقدامات اٹھارہی ہے ، شہری سندھ کے علاقوں سے متعصبانہ رویہ رکھا ہو اہے ۔ 2012 میں کوہسار میں میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لانے کیلئے ایک ارب39کروڑ 40لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے تھے ۔ میڈیکل کالج جون 2015 میں مکمل ہونا جو تاحال تعطل کا شکار ہے ۔ اس میڈیکل کالج کے ساتھ تین ٹیچنگ اسپتالوں کو شامل کیا جانا تھا جن میں شاہ بھٹائی، کوہسار اور پریٹ آباد اسپتال شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں سے پیپلزپارٹی کو ووٹ نہیں ملتے لیکن سب سندھ کے بجٹ میں برابر کے حصہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جامشورو میں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی میں حیدرآباد کے بچوں کو داخلے نہیں ملتے اس کالج میں 50 فیصد نشستیں حیدرآباد کیلئے مختص کی جائیں۔