محمد علی جناح یونیورسٹی ، قومی انڈر گریجویٹ سائیکالوجی ریسرچ کانفرنس

محمد علی جناح یونیورسٹی ، قومی انڈر گریجویٹ سائیکالوجی ریسرچ کانفرنس

ملک بھر سے طلبا کی شرکت،اساتذہ کلاسوں میں سہولت کار کا کردار اداکریں،ڈاکٹر زبیر،ڈاکٹر مریم حنیف، ڈاکٹر قدسیہ،ڈاکٹر انیلہ،ڈاکٹرعظمیٰ ،ڈاکٹررافعہ ودیگرکا اظہارخیال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد علی جناح یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام پہلی قومی انڈر گریجویٹ سائیکالوجی ریسرچ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے انڈر گریجویٹ طلبا نے آن لائن اور فزیکل اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔ محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر اور وا ئس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس پاکستان میں پہلی بار منعقد کی گئی ہے جس پر ہمیں فخر ہے،کوشش کی ہے کہ سوشل سائنسز کے انڈر گریجویٹ طلبا کو موقع فراہم کریں کہ وہ مختلف شعبوں میں مثبت سوچ کے ساتھ معاشر ے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذ ہ کو کلاسوں میں روایتی طریقوں سے ہٹ کر سہولت کار کا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ سیکھنے کا عمل بہتر ہو ۔ محمد علی جناح یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات کی سربراہ ڈاکٹر مریم حنیف غازی نے کہا کہ کانفرنس میں طلباکو اپنا اعتماد بڑھانے اور ذہنی صحت کے حوالے سے بات کرنے کا موقع ملا۔ کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وباکے بعد ہمیں کس طرح حالات کنٹرول کرنے چاہئیں۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ایسے طلبا جو ریسرچ ورک سے خوفزدہ ہوتے ہیں انہیں کام کرنے کا حوصلہ ملے گا، جب تک تحقیق شائع نہیں ہوتی، دوسروں تک پیغام نہیں جاتا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر قدسیہ طارق ،پروفیسر ڈاکٹر انیلا عنبر ملک، ڈاکٹر عظمیٰ علی، پروفیسر ڈاکٹر رافعہ رفیق، پروفیسر ڈاکٹر اقبال آفریدی، ڈاکٹر ارم نقوی اور ڈاکٹر عائشہ زبیر نے بھی خیالات کااظہار کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں