شہر میں آر او پلانٹ لگانے میں تعاون کرینگے ،مرتضیٰ وہاب

شہر میں آر او پلانٹ لگانے میں تعاون کرینگے ،مرتضیٰ وہاب

سماجی و فلاحی ادارے شہر کی بہتری و ترقی کیلئے ہمارے ساتھ کام کریں، ایڈمنسٹریٹر،ترک وزارت ثقافت کے تعاون سے کے ایم سی بلڈنگ میں آر او پلانٹ کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہریوں کو صحت بخش، صاف،شفاف پینے کی پانی کی فراہمی کے لئے کراچی کے مختلف مقامات پر آر او پلانٹ لگانے میں کے ایم سی بھرپور تعاون کرے گی۔ یہ بات انہوں نے کے ایم سی بلڈنگ میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر انتظام آر او پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر میٹرو پولیٹن کمشنر ایس ایم افضل زیدی، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر یوسف لاکھانی، سی ای او محمد غزال، افضل، آر او پلانٹ کے ڈیزائن انجینئر سید ابو فیصل اور کے ایم سی کے افسران بھی موجود تھے ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے فیتہ کاٹ کر آر او پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے ملازمین کو سہولتیں پہنچانے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، سماجی اور فلاحی ادارے شہر کی بہتری و ترقی کے لئے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا گیا کہ یہ آر او پلانٹ ترکی کی وزارت ثقافت و سیاحت اور TIKA کے مالی تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے اور اس پر 28 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، اس آر او پلانٹ سے روزانہ 40 ہزار لٹر پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے گا اور ایک دن میں 20 ہزار افراد کی ضروریات پوری کرے گا، کے ایم سی کے افسران و ملازمین اور اطراف کے مکین بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں