غیرقانونی پلازہ کی تعمیرات ناظر ہائیکورٹ کو انسپیکشن کا حکم، رپورٹ طلب

غیرقانونی پلازہ کی تعمیرات ناظر ہائیکورٹ کو انسپیکشن کا حکم، رپورٹ طلب

ایک ہفتے میں تصاویر پیش کرنے کی ہدایت، درخواست گزار ناظر کے اخراجات اور ٹرانسپورٹ بھی فراہم کرے، سندھ ہائیکورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے پرنس سنیما کے قریب پلازہ کی مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر ناظر ہائیکورٹ کو انسپیکشن کا حکم دیتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ بمعہ تصاویر طلب کرلیں۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کو ناظر کے اخراجات اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت نے چیف انجینئر کنٹونمنٹ کراچی کو 16 دسمبر کے نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ جمعرات کو جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پرنس سنیما کے قریب پلازہ کی مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے چیف انجینئر کو ہدایت کی کہ عمارت کی تعمیر، بلڈنگ پلان اور نقشوں کی منظوری سمیت دیگر تفصیلات پیش کی جائیں۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ 20 ستمبر کو سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کراچی کو شکایت کی لیکن جواب نہیں ملا،کنٹونمنٹ رولز کے مطابق بلڈنگ کے تین اطراف سے 20 فٹ لازمی اوپن اسپیس چھوڑنا ہے اور بلڈنگ مالک نے لازمی اوپن اسپیس پر تعمیرات کیں اور ہماری دیواروں پر پلر کھڑے کردئیے ہیں، لہٰذا استدعا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بعد ازاں عدالت نے ناظر ہائیکورٹ کو انسپیکشن کا حکم دیتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ بمعہ تصاویر طلب کرلیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں