مختلف اداروں کے ملازمین کے مطالبات کی حمایت میں مظاہرے

مختلف اداروں کے ملازمین کے مطالبات کی حمایت میں مظاہرے

بلدیاتی دفاترکی تالابندی،جیکب آبادمیں ویکسی نیٹرز،نواب شاہ میں واپڈاملازمین کا احتجاج

سکھر، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سکھر کی جانب سے مطالبات کے حق میں پانچویں روز بھی دفتروں کی تالا بندی کرکے اور کام چھوڑ ہڑتال کرکے دفاتر کے باہر دھرنا دیکر فلک شگاف نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے حکام سے بلدیاتی ملازمین کیساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا نوٹس لیکر ملازمین کو جائز حقوق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ لاڑکانہ میں بلدیہ ملازمین کا تنخواہیں آن لائن نہ کرنے کے خلاف پانچویں روز بھی دفاتر کی تالا بندی کر کے کام چھوڑ کر احتجاج کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، رتوڈیرو میں میونسپل ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر بلدیات کا علامتی جنازہ نکال کر ریلی نکالی اوراولڈ بس اسٹینڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائر نذرآتش کیے اور تنخواہیں مینوئل طریقے کے بجائے ٹریژری کے ذریعے دینے کا مطالبے کیا۔ نوڈیرو میں بھی لوکل گورنمنٹ ملازمین نے کام بندکرکے احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا ریلی کا آغاز میونسپل کمیٹی نوڈیرو سے کیا گیا ریلی میں شامل افراد نے بڑے بڑے بینر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر انکی تنخواہیں اور دیگر مراعات کو ٹریژری کے ذریعے آن لائن اداکرنے کے مطالبات درج تھے۔ جیکب آباد میں ویکسی نیٹرز کی جانب سے اپ گریڈیشن اور ٹائم اسکیل نہ ملنے کے خلاف دفاتر کی تالا بندی کرکے احتجاجی جلوس منیر وگھن، پیر بخش سومرو اور دیگر کی قیادت میں نکالا گیا ،مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا۔ نواب شاہ میں نجی کاری کے خلاف پاکستان واپڈا ہائیڈور الیکٹرک ورکرز یونین کی جانب سے دفاتر کی تالا بندی کرکے پریس کلب کے سامنے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں