سپرمارکیٹ،سمن آباد میں متبادل پارکنگ ایریا مختص کرنے کا فیصلہ

سپرمارکیٹ،سمن آباد میں متبادل پارکنگ ایریا مختص کرنے کا فیصلہ

قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے پتھارے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائیگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع وسطی میں ٹریفک کے مسائل کافی زیادہ ہیں، خصوصاً کار پارکنگ اور ٹریفک جام کی وجہ سے سفر کرنے والوں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں اور خریداری کے لئے بازار آنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا رہتا ہے ، دوسری جانب موٹر سائیکل اور کار سواروں کے لئے پارکنگ بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم نے مصروف تجارتی و کاروباری علاقوں میں پارکنگ کے لئے متبادل جگہ فراہم کرنے کی خاطر اپنے دفتر میں متعلقہ اداروں کے نمائندگان سے خصوصی اجلاس کیا۔ ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ٹریفک کی روانی اور مرکزی شاہراہوں پر پارکنگ کے مسائل،پیدل چلنے والوں کی دشواریوں اور پیڈسٹرین برج کے حوالے سے تفصیل سے گفتگو کی گئی، جس کے نتیجے میں فیصلہ کیا گیا کہ لیاقت آباد سپرمارکیٹ اور سمن آباد کے علاقوں میں دکانداروں اور خریداری کے لئے آنے والوں کے لئے متبادل پارکنگ ایریا مختص کیا جائے، ضلع وسطی کے مصروف کاروباری علاقوں میں قائم تجاوزات، ٹھیلوں اور پتھاروں کو فی الفور ہٹایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں کسی بھی قسم کا خلل واقع نہ ہو۔ اس موقع پر بار بار قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ٹھیلے اور پتھارے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں