صحافیوں کیلئے ہاکس بے میں پلاٹوں کی ری الاٹمنٹ کا اعلان
قرعہ اندازی بھی اسی ماہ کر دی جائیگی، ناصر شاہ، پریس کلب کے صدر، سیکریٹری کی ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی پریس کلب کے اراکین کو دیے گئے پلاٹوں میں سے 211 کی الاٹمنٹ میں دشواریوں کے سبب ان پلاٹوں کی اسکیم 42 کے بلاک 68 میں ری الاٹمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد رضوان بھٹی نے جمعہ کو وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی اور ان کی جانب سے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں پریس کلب کے وفد نے ہاکس ہاؤسنگ اسکیم میں 211 ممبران پریس کلب کو ری الاٹمنٹ کے لئے لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس بلانے پر شکریہ ادا کیا اور وزیر بلدیات سے ایل ڈی اے کی سمری کے مطابق متاثرین کو بلاک 68 میں ری سیٹل کرنے کی درخواست کی۔ وزیر بلدیات نے دوران ملاقات سیکریٹری بلدیات نجم شاہ سے رابطہ کیا اور ہاکس بے میں متنازع پلاٹس کے مسئلے پر بات کی۔ متعلقہ حکام سے بات چیت کے بعد وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کراچی پریس کلب کے 211 ممبران کو ہاکس بے اسکیم 42 بلاک 68 ہی میں ری الاٹمنٹ کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیر بلدیات نے پریس کلب کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پلاٹس کی قرعہ اندازی بھی اسی ماہ کر دی جائے گی۔