معذور افراد معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں، امین الحق
نظر انداز کرنے کے بجائے ان کی صلاحیتوں کو تراشا جائے ،وفاقی وزیر،اینڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر کے تحت عالمی دن کے حوالے سے پروگرام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر اور پورٹ گرینڈ کے اشتراک سے معذور افراد کے عالمی دن کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن رابطہ کمیٹی و وفاقی وزیر سید امین الحق، رکن رابطہ کمیٹی و ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید امین الحق نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں، ان کو نظر انداز کرنے کے بجائے ان کی صلاحیتوں کو تراشا جائے اور ان کی داد رسی کی جائے تاکہ ان کا حوصلہ بلند ہواور ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں سے یہ ثابت کردیں کہ وہ نہ صرف عام لوگوں کی طرح اپنی زندگی گزار سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر کشور زہرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کیلئے اس قسم کے آگاہی پروگراموں کا مقصد یہ ہے کہ معذور افراد کے حقوق کیلئے کام کئے جا سکیں اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ تعاون کیا جا سکے۔ پروگرام میں معذور افراد نے اپنے اپنے ہنر کا مظاہرہ کیا، جس پر رکن رابطہ کمیٹی و وفاقی وزیرسید امین الحق نے خصوصی افراد کو سراہا اور مختلف انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹرکے چیئرمین جاوید رئیس اور ہینڈز کے چیریٹی ڈاکٹر تنویربھی موجود تھے۔