کیماڑی پل تاخمیس گیٹ کیماڑی ڈنشا بی آواری سڑک کا افتتاح

کیماڑی پل تاخمیس گیٹ کیماڑی ڈنشا بی آواری سڑک کا افتتاح

صرف دو کلومیٹر سڑک کی اپ گریڈیشن نے علاقے کو کئی پہلوؤں سے بدل دیا، وزیر اعلیٰ ،خراب سڑک سے ٹریفک جام رہتا تھا ، مراد علی شاہ، تقریب میں پارسی برادری بھی شریک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بہرام آواری کے ہمراہ کیماڑی پل سے خمیس گیٹ کیماڑی تک 40 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ڈنشا بی آواری سڑک کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر بلدیات سید ناصر شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، بہرام ڈی آواری ،ان کے تمام خاندان کے افراد اور پارسی برادری کے دیگر معززین نے شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے کہاکہ ڈنشا بی آواری سڑک بندرگاہ کو کراچی سے جوڑتی ہے، پاکستان سے آنے اور جانے والے مال بردار ٹریفک کیلئے ہر لحاظ سے اس سڑک کو خاص اہمیت حاصل ہے، یہ سڑک عوام اور مال بردار گاڑیوں کو بابا بھٹ جزائر اور منوڑہ تک لے جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل سڑک کی حالت انتہائی خراب تھی، جس کی وجہ سے طویل تاخیر اور ٹریفک جام رہتا تھا، اس طرح سندھ حکومت نے کے ایم سی کے ذریعے اس سڑک کی بہتری کا بیڑہ اٹھایا، جس میں موجودہ ٹریکس کی تزئین و آرائش اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری شامل تھی جو اس کی خرابی کی بڑی وجہ بنی ہوئی تھی، اس کے علاوہ سڑک کی الیکٹری فکیشن کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ سڑک صرف دو کلومیٹر پر محیط ہے لیکن اس کی بہتری اور اپ گریڈیشن نے علاقے کو کئی پہلوؤں سے بدل دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مذکورہ سڑک کا نام مسٹر ڈنشا بہرام جی آواری کے نام پر رکھا گیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں