نیشنل کلچر کانفرنس مارچ میں ہوگی، صدر آرٹس کونسل

نیشنل کلچر کانفرنس مارچ میں ہوگی، صدر آرٹس کونسل

چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا،احمد شاہ،کانفرنس ملکی یکجہتی اور وفاق کی مضبوطی کا باعث بنے گی، گورننگ باڈی سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ کوویڈ وبا کے باعث گزشتہ سال کافی تعداد میں بڑے دانشوروں کا انتقال ہوا، جو عالمی اردو کانفرنس کا حصہ ہوتے تھے، تاہم رواں سال کی عالمی اردو کانفرنس میں سرحدی اور کوویڈ پابندیوں کے باوجود دنیا بھر اور اندرون ممالک سے 250 سے زائد دانشور، اسکالر، ادیب اور شاعر شرکت کریں گے، جب کہ بھارت کے تمام بڑے شاعر اور ادیب ڈیجیٹل پر کانفرنس میں موجود رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب صدر منور سعید، جنرل سیکریٹری پروفیسر اعجاز فاروقی، جوائنٹ سیکریٹری اسجد بخاری اور ممبران گورننگ باڈی نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ سالانہ جنرل باڈی اجلاس 25 دسمبر ہفتہ کو شام چھ بجے منعقد ہو گا جبکہ نیشنل کلچر کانفرنس مارچ کے دوسرے عشرے میں منعقد ہو گی۔ محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ نیشنل کلچر کانفرنس میں چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کو افتتاحی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، یہ کانفرنس پاکستان میں منفرد اور ملک کے لیے یکجہتی و محبت اور وفاق کی مضبوطی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اردو کانفرنس اب ایک برانڈ بن چکا، پہلی مرتبہ اسپانسرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں