باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے پر یقین، وزیر بلدیات

باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے پر یقین، وزیر بلدیات

بلدیاتی قوانین سے متعلق بھی مسائل حل کرنے کا یقین دلاتے ہیں، ناصر شاہ،لیگ (ق)سندھ کے صدر کی ملاقات، بلدیاتی نظام کے حوالے سے تجاویز پیش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر طارق حسن نے ملاقات اور بلدیاتی نظام کے حوالے سے تجاویز و سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری اقدار و روایات کی پاسبان اور باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، بلدیاتی قوانین کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی، اپوزیشن جماعتوں کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کا یقین دلاتی ہے، ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ قانون سازی میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی تمام جائز تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ طارق حسن نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے جو سفارشات اور تجاویز پیش کی ہیں ان پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی باہمی روابط اور گفت و شنید کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گی۔ طارق حسن نے وزیر بلدیات کی جانب سے مسلم لیگ ق کی تجاویز کا خیر مقدم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوامی مسائل کے موثر حل کے لئے سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت کا عمل جاری رہنا چاہئے ۔دوسری جانب طارق حسن نے کہا ہے کہ سندھ کے ثقافتی دن کو پورے ملک بالخصوص سندھ میں بسنے والے ہر فرد نے بلا تفریق منایا، سندھی ٹوپی اور اجرک پہن کر فخر محسوس کرتا ہوں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں