عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیاگیا، حسین محنتی
آئی ایم ایف کی شرائط ملک و قوم کو عالمی اداروں کے پاس گروی رکھنے کے مترادف،ذمہ داران کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت،سانحہ سیالکوٹ کی مذمت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی نئی شرائط ملک و قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھنے کے مترادف ہے، مہنگائی کا طوفان اور ڈالر کی اونچی اڑان اس کا ٹریلر ہے، منی بجٹ کو لعنت قرار دینے والی پی ٹی آئی عالمی اداروں کی فرمائش پر اسی لعنت کو ایک بارپھر عوام پر مسلط کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتساب و انصاف کے دعویداروں نے آٹا ،چینی مافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ،موجودہ حکمرانوں نے عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 13 برس سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ، یہاں کے عوام نے ہمیشہ انہیں اقتدار میں پہنچایا، مگر بدلے میں بھوک و افلاس، کرپشن اور عوام دشمن بلدیاتی نظام ملا، جس کی وجہ سے سندھ کے عوام محرومیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے سیالکوٹ سانحہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ واقعہ کی تحقیقات کرکے ملزمان کو سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں تیل کی قیمتیں کم کرکے عوام کو اس کافائدہ نہیں پہنچایا جا رہا، سودی نظام معیشت سے نجات کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے ذمہ داران کو بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور تیاریوں کی ہدایت کی۔