اولڈ سٹی ایریا کی اصل شکل میں بحالی کا منصوبہ، 80 کروڑ ڈالر خرچ ہونگے

اولڈ سٹی ایریا کی اصل شکل میں بحالی کا منصوبہ، 80 کروڑ ڈالر خرچ ہونگے

سڑکوں کی بحالی، پرانے زمانے کی لائٹوں کی تنصیب سمیت تزئین و آرائش کے دیگر کام شامل، متعلقہ کاموں کا آغاز کردیاگیا، ٹھیکیداروں پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت،نکاسی آب کی بہتری کیلئے بھی 70کروڑ ڈالرکامنصوبہ، ملیر اور لیاری میں بڑے اسٹوریج تیار ہونگے، پینے کے پانی کی قلت دورکرنے کیلئے جدید سپلائی سسٹم تیار ہو گا

کراچی (رپورٹ: شمس کیریو) سندھ حکومت کی جانب سے شہر کی ترقی کے لئے ورلڈ بینک سے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کے قرضے منظور کرالئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کراچی شہر کے نکاسی آب کا سسٹم بہتر کرنے کے لئے 70 کروڑ ڈالر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس میں شہر کے ڈرینج سسٹم کی بحالی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ڈرینج کے پانی کو فلٹر کرنے کے لئے ملیر اور لیاری میں دو بڑے اسٹوریج بھی تیار کئے جائیں گے اور اس کے علاوہ پانچ چھوٹے چھوٹے اسٹوریج بھی بنائے جائیں گے، جہاں سے ڈرینج کے پانی کو نکال کر ندی نالوں کے ذریعے سمندر میں ڈالا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مزید منصوبے بھی تیار کئے گئے ہیں، جن میں شہر کی خوبصورتی، نیبرہڈ اور شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے لئے بالخصوص اولڈ سٹی ایریا میں پینے کے پانی کا جو سسٹم مکمل خراب ہو چکا ہے اس کی بحالی کے لئے کام شروع کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت پینے کے پانی کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے بڑے ٹینک بنائے جائیں گے جہاں سے شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی سسٹم کو جدید کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس طرح شہر کی خوبصورتی کے لئے اولڈ ایریا کی اصل شکل میں بحالی کا کام بھی شروع کیا جائے گا، جس کے تحت سڑکوں کی بحالی، پرانے زمانے کی روشنیوں کی تنصیب سمیت دیگر خوبصورتی شامل ہے۔ متعلقہ منصوبوں پر بھی 80 کروڑ ڈالر سے زائد رقم خرچ کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے متعلقہ منصوبوں پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ کام کے معیار پر توجہ دی جائے، جو بھی ٹھیکیدار کام صحیح نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں