شہریوں کو شفاف ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں،ناصرشاہ
اسکولوں ،کالجوں کے بچے بھی شجر کاری میں اپنا کردار ادا کریں ،وزیر بلدیات،لیاری ایکسپریس وے سے متصل ضلع کیماڑی میں شجرکاری مہم کا افتتاح
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے پیر کو لیاری ایکسپریس وے سے متصل ضلع کیماڑی کے نو تعمیر شدہ اماں کلثوم اور اماں نسیمہ پارک میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اپنے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اسکولوں اور کالجوں کے بچے بھی شجر کاری میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ماحول کو بہتر بنانے کے لئے درختوں کی پرورش بہتر انداز میں کی جاسکے ۔ انہوں نے موقع پر موجود اسکول کے بچوں کی شجر کاری میں دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ شجر کاری بھی تعلیمی عمل کا ہی ایک حصہ ہے ۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے لیاری ایکسپریس وے سے متصل اس علاقے کے رہنے والوں کے لئے اماں کلثوم اور اماں نسیمہ پارک کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کے تمام اضلاع میں کھیل کے میدانوں اور پارکوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کیماڑی کے زیر انتظام پانچ ایکڑ رقبے پر مبنی اماں کلثوم اور اماں نسیمہ پارک میں ساڑھے تین ایکڑ پر واکنگ ٹریک اور پارک جبکہ باقی حصے پر فٹبال گراؤ نڈ بنایا جارہا ہے ۔