عوام کواپنے ٹیکس کے پیسوں کاحساب چاہیے ،وسیم اختر
ہماری آوازکہیں نہیں سنی جارہی،احتجاج ہوگا،جیل بھروتحریک شروع کرینگے،سندھ کی تمام سیاسی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں، کورنگی میں مظاہرے سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام کورنگی میں سندھ گورنمنٹ کی جانب سے متنازع بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنوینر وسابق میئرکراچی وسیم اخترنے کہا کہ سندھ پر پاکستان دشمن جماعت قابض ہے یہ وہ جماعت ہے جس نے پکا قلعہ میں عوام کا قتل عام کرایا، متعصب پیپلز پارٹی نے ہی پاکستان کو دولخت کیا۔ ہماری آواز کہیں نہیں سنی جارہی اب ہم احتجاج کریں گے ،آج پھر کراچی کے عوام اپنے حق کے لئے قربانیاں دینے کے لئے تیار ہے ۔ اب احتجاج سے واپسی نہیں ہوگی یہ احتجاج صرف ٹریلر ہے ہم اس احتجاج میں اکیلے نہیں سندھ کی تمام سیاسی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں۔ اس کے بعد شارع فیصل جائیں گے اور اگلا پڑاؤ وزیراعلیٰ ہاؤس ہوگا اور جب تک وزیراعلیٰ سندھ اپنی ٹیم کے ساتھ آکر ہم سے بات نہیں کریں گے یہ احتجاج جاری رہے گا جب تک تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرکے نیابلدیاتی قانون نہیں بنایا جائے گا یہ احتجاج جاری رہے گا ،اب ہم جیل بھرو تحریک شروع کریں گے ۔ہم سندھودیش کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بنیں گے ،پیپلز پارٹی اپنی بی ٹیم کے ذریعے سندھو دیش کا خواب دیکھ رہی ہے۔ 13 برس سے سالانہ 1200 ارب روپے سندھ حکومت کو مل رہے ہیں یہ 1200 ارب روپے کہاں جار ہے ہیں؟۔