کلچرڈے پر ملک مخالف نعرے بازی،41افراد کیخلاف مقدمہ

کلچرڈے پر ملک مخالف نعرے بازی،41افراد کیخلاف مقدمہ

جامعہ جامشورو کے20طلباشامل،پولیس کارروائیوں میں ڈاکوسمیت11ملزم گرفتار

جامشورو،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)جامعہ سندھ جامشورو میں 18 نومبر کو منائے گئے کلچر ڈے میں ملک کے خلاف نعرے بازی اور کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر طالبعلموں کو شوکاز نوٹس جاری کیے جانے کے بعد پیر کوجامشورو پولیس نے 20 طلبا پر دہشت گردی کی دفعات شامل کرکے سرکاری مدعیت میں جامشورو تھانے میں ایف آئی آر درج کرادی ۔ دوسری جانب مختلف ڈپارٹمنٹس کے طلبا کی جانب سے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے ۔ٹنڈوالہ یار سے نمائندے کے مطابق ثقافتی دن پر دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے ساتھ جئے سندھ قومی محاذ (جسقم) کی جانب سے بھی ریلی نکالی گئی جس میں پاکستان مخالف نعرے لگانے والے چھ نامزد اور 15 نامعلوم افراد کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہوگیا ۔ سرکاری مدعیت میں درج ہونے والے مقدمے میں اکرم پہنور ، حبیب اللہ کالرو ،وقار بوزدار ، واجد سومرو ، سونو بھیل اور شاہ زیب پہنور کونامزد کیا گیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔ لاڑکانہ سے نمائندے کے مطابق تھانہ لاشاری کی حدود بگو سم شاخ پرواردات کے ارادے سے کھڑے مسلح ملزمان سے مقابلے کے بعد پولیس نے ایک ڈکیت امام بخش ڈائوچ کو بغیر لائسنس پستول اور گولیوں سمیت گرفتار کرلیا۔پڈعیدن پولیس نے شاہد پلھ کو 210 گٹکوں سمیت، محراب پور پولیس نے مطلوب ملزم منور وٹو کو اور امتیاز شر کو10 لٹر شراب سمیت، دریا خان مری پولیس نے عبدالرشید مری کو غیرقانونی پستول اور 3 رائونڈز سمیت گرفتار کرلیا۔ محراب پورسے نمائندے کے مطابق کنڈیارو پولیس نے ملزم دلدار علی گھانگرو کی نشاندہی پر آلہ قتل غیرقانونی پستول برآمد کرلیا ہے ۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق ضلع بدین میں پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرکے 133 لٹر دیسی شراب،3455گٹکے اور27کلو گرام سپاری چورا برآمد کرلی اور مطلوب و روپوش سمیت6ملزمان گرفتار کرلیے ۔ میرپورماتھیلو سے نمائندے کے مطابق ضلع گھوٹکی میں تعینات نئے ایس ایس پی اظہر مغل نے امن و امان کے حوالے سے صحافیوں سے تعارفی ملاقات کی جس میں صحافیوں کی جانب سے کچھ تجاویز پیش کی گئیں جن پر ایس ایس پی نے عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ کچے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف نئی حکمت عملی کے تحت آپریشن کیا جائے گا ۔ نواب شاہ سے نمائندے کے مطابق نئے تعینات ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد خادم حسین رند کو رینج آفیس پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ خادم حسین رند نے رینج آفس کی مختلف برانچوں کے سربراہان سے ملاقات کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں