وفاقی حکومت تعمیراتی صنعت کے مسائل حل کرے گی،خرم شیر

وفاقی حکومت تعمیراتی صنعت کے مسائل حل کرے گی،خرم شیر

عمارتوں کی مسماری سے کراچی میں سرمایہ کاری کو شدید دھچکا لگا ،آباد ہاؤس کا دورہ،بااختیار بلدیاتی نظام کیلئے کوشاں،نہیں چاہتے آئندہ میئر بھی بے اختیار ہو،رکن اسمبلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف سندھ کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی میں تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت آباد کی ہرممکن مدد کرے گی،سندھ میں ریگولرائزیشن پالیسی کے نفاذ کے آرڈیننس پر آباد کی مشاورت سے ترمیم کرکے گورنر سندھ دستخط کریں گے ۔یہ بات انہوں نے تحریک انصاف کے وفدکی قیادت کرتے ہوئے آباد ہاؤس کے دورے کے موقع خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر آباد کے چیئرمین محسن شیخانی،سینئر وائس چیئرمین محمد حنیف میمن،وائس چیئرمین الطاف کانٹا والا،آباد سندرن ریجن کے چیئرمین سفیان آڈھیا،سابق چیئرمین آباد محمد حسن بخشی،فیاض الیاس اور آباد ممبران کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔خرم شیر زمان نے کہا کہ نسلہ ٹاور اور دیگر عمارتوں کی مسماری سے کراچی کے بلڈرز،ڈیولپرز اور الاٹیز کی زندگیاں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ کراچی میں سرمایہ کاری کو شدید دھچکا لگا ہے ۔ اس موقع پر محسن شیخانی نے کہا کہ ہم نے مطالبات منظور نہ ہونے تک صرف کراچی میں تعمیراتی سرگرمیاں روکی ہوئی ہیں،ہم یہ نہیں چاہتے کہ پہلے سے مشکلات کا شکار پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچے ۔کراچی میں تعمیراتی کام بند ہونے سے پہلے ہی کراچی کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔علاوہ ازیں پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ہم بااختیار بلدیاتی نظام کیلئے کوشاں،ہم نہیں چاہتے ماضی کے میئر کی طرح آئندہ آنے والا میئر بھی بے اختیار ہو۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں