سرکارنے ہمیشہ فلم انڈسٹری کونظراندازکیا ،اداکارشاہد
ذوالفقار بھٹو کے دور حکومت کو فلم انڈسٹری کاسنہری دور بھی کہاجاسکتا ہے،پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کی جانب سے معروف اداکار کے اعزاز میں تقریب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستانی فلموں کے سنہری دور کے ہیرو شاہد نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں عروج حاصل رہا ،اس دور کو فلم انڈسٹری کاسنہری دور بھی کہاجاسکتاہے ۔بعدازاں جنرل ضیا الحق کے دورمیں نہ صر ف فلم انڈسٹری تباہی سے ہمکنار ہوئی بلکہ مجھے بھی ان کی فلمی پالیسیوں کے خلاف رہنے پر 7 برس تک بیرون ملک رہنا پڑا، بھٹو صاحب فنکاروں کے قدر دان تھے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے اعزاز میں کراچی پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کی جانب سے منعقد ہ تقریب میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لیجنڈری اداکار مصطفی قریشی ، اسلم شیخ، عدنان جیلانی،بابر عباسی ، ضیا ظریف، سلیم آفریدی،فیصل ندیم،نواب کیفی، لیاقت مغل اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اداکارشاہد نے مزیدکہاکہ سرکارنے ہمیشہ فلم انڈسٹری کونظراندازکیا ہے ۔ ہم فنکار آج بھی پورا ٹیکس ادا کررہے ہیں مگرہم لوگوں کے پاس ایک بھی فلم نہیں ہے کیونکہ فلمسازی کاعمل رک گیاہے ۔لیونگ لیجنڈری اداکار مصطفی قریشی نے کہا شاہدایک مکمل ہیروتھا۔ اس موقع پر ٹی وی، فلم اور اسٹیج کے اداکار اسلم شیخ، عدنان جیلانی، بابر عباسی، فیصل ندیم، مرزا افتخار بیگ، آفتاب خان، اطہر جاوید صوفی، نواب کیفی، راجہ کامران کے پی سی کلچرل کمیٹی کے سیکریٹری عبدالوسیع قریشی اور دیگر شخصیات نے اداکارشاہد کی فنی صلاحیتوں کوخراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر پریس کلب کی جانب سے اداکار شاہد اور مصطفی قریشی کوسندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک کے ساتھ اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں ۔