بیلٹ اینڈ روڈ امیدو ترقی کی کرن بن گیا، چینی قونصل جنرل

بیلٹ اینڈ روڈ امیدو ترقی کی کرن بن گیا، چینی قونصل جنرل

140 ممالک اور 32 بین الاقوامی ادارے بی آر آئی کے خاندان کا حصہ بن کر ثمر آور اہداف حاصل کررہے ہیں،سی پیک کی ابتدا سے ہی پاکستان کو معاشی اور سماجی فوائد ملنا شروع ہوگئے ہیں ،لی بی جیان کی نصرت مرزا سے گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ (بی آر آئی ) چین کا ایک بڑا مشترکہ منصوبہ ہے مگر اس میں پوری دُنیا کے لئے مواقع موجود ہیں، وہ اس میں شریک ہو کر اس سے استفادہ کرسکتے ہیں، بی آر آئی مستقل پھیل رہا ہے ، 140 ممالک اور 32 بین الاقوامی ادارے بی آر آئی کے خاندان کا حصہ بن کر مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے ثمر آور اہداف حاصل کررہے ہیں، چین اور بی آر آئی کے درمیان 9.2 ٹریلین امریکی ڈالر کی تجارت کے مواقع ہیں۔ معروف کالم نگار اور رابطہ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین نصرت مرزا سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ بی آر آئی ایک بین الاقوامی باہمی تعاون کا ادارہ ہے جس میں سب کا مشترکہ حصہ اور اس کے فوائد ہیں، یہ باہمی مشاورت اور تعلق کو مضبوط کررہا ہے ، اس میں شفافیت کا پہلو نمایاں ہے ، یہ دُنیا کا ایک وسیع اور پھیلا ہوا تجارتی روابط کا نظام بن چکا ہے ، یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو دُنیا کے لوگوں کے لئے اُمید و ترقی کی کرن بن چکا ہے۔ قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ اس سال پاک چین تعلقات کو 70 سال ہوجائیں گے، یہ تعلقات چین کے جمہوری نظام کے تحت ایک تاریخی حوالہ رکھتے ہیں، یہ برابری کی بنیاد پر مثالی تعلقات ہیں ،سی پیک کی ابتدا سے ہی پاکستان کو معاشی اور سماجی فوائد ملنا شروع ہوگئے ہیں جو سب تک پہنچنے لگیں گے ، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ یہ منصوبہ پاکستانی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، چین کی حکومت اسے مکمل کرنے کے لئے ہر طرح کے اقدامات کررہی ہے ، اس کی تعمیر سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہوگا، یہ پاکستان چین کی مشترکہ حکمت عملی اور دونوں ملکوں کے عوام کی باہمی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ سی پیک کے تعمیراتی ڈھانچے تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں