غیر قانونی تعمیرات، ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی جنوبی کی گرفتاری کا حکم

غیر قانونی تعمیرات، ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی جنوبی کی گرفتاری کا حکم

عدم موجودگی پر اظہار برہمی، وارنٹ جاری کر دیتے ہیں زیادہ عزت سے آنا پڑے گا،سندھ ہائیکورٹ،سسٹم ریکوائرمنٹ کاسٹ کے نام پررشوت وصولی پر ڈائریکٹر جنرل کو نوٹس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے سٹی کورٹ سے متصل غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر ڈپٹی ڈائریکٹرسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی جنوبی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔پیر کو جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹرسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی جنوبی کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت کا ایس بی سی اے آفیسر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بتائیں ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے جنوبی کیوں پیش نہیں ہوئے ،ہم وارنٹ جاری کر دیتے ہیں زیادہ عزت سے آنا پڑے گا۔ دوران سماعت درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ان کی عزیز چیمبر سے متصل اراضی ہے جس پر پلرز کھڑے کردیئے گئے ہیں جبکہ عدالت نے ایس بی سی اے کو 2014میں غیر قانونی حصہ مسمار کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس کے باوجود ایس بی سی اے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرر ہے ہیں، عدالت کمپلسیری اوپن اسپیس خالی کرانے کا حکم دے چکی ہے ۔علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے سسٹم ریکوائرمنٹ کاسٹ کے نام پررشوت وصولی کے خلاف دائر درخواست پر ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) کو 14دسمبر کے نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔ فاضل عدالت نے متعلقہ حکام سے گزشتہ ایک سال سے بلڈنگ پلان کی منظوری کے حوالے سے زیر التوادرخواستوں کا بھی ریکارڈ طلب کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں