سندھ حکومت کی مزدوردشمن پالیسیوں کی مذمت
جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے سندھ حکومت کی مزدوردشمن پالیسیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ ایچ ڈی اے ملازمین کو فوری طورپر11ماہ کی تنخواہیں اورپنشن ادا کرکے سیکڑوں خاندانوں کو فاقہ کشی سے بچایا جائے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ان خیالات کا اظہارانہوں نے قبا آڈیٹوریم میں ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے جنرل سیکریٹری عبدالقیوم بھٹی کی زیرقیادت ملاقات کرنے والے ملازمین کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پرنیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر سید نظام الدین شاہ، جنرل سیکریٹری شکیل احمد شیخ ،قاسم جمال و دیگر بھی موجود تھے ۔سی بی اے یونین رہنماؤں نے صوبائی امیرکو بتایا کہ مہنگائی کے اس دورمیں ملازمین کو گیارہ ماہ سے تنخواہوں وپنشن کی عدم ادائیگی سے ملازمین سخت پریشان اورکئی خاندان اس صورتحال سے فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا زاہد حسین کھیمٹیو نے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے بجائے ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی اور ان کے گھروں پررات کے اندھیرے میں پولیس نے چھاپے مارے اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے ان کو گرفتار کیا گیا۔