شہری پیپلزپارٹی کی سازشوں کوجانتے ،عامرخان
پیپلزپارٹی سندھو دیش کی حامی،ان کے محلات تک پہنچنے اوراحتجاج کا وقت آگیا،کرپٹ سندھ حکومت شہری سندھ کو پیچھے دھکیل رہی ،امین الحق،اورنگی میں مظاہرہ
کراچی (اسٹاف رپورٹرایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام سندھ حکومت کے بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف اورنگی ٹاؤن آفس کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ متعصب سندھ حکومت کے رہنماؤں نے کوٹہ سسٹم کے ذریعے عملاً شہری و دیہی سندھ کو تقسیم کیا ، شہری سندھ پیپلزپارٹی کی سازشوں کو جانتے ہیں اس لئے ان کو ووٹ نہیں دیتے ،پیپلزپارٹی پاکستان کی ہمدرد نہیں،سندھو دیش کی حامی ہے ۔ چار سال ایم کیوایم پاکستان کا میئر وسائل مانگتا رہا مگر سندھ حکومت نے اختیارات نہیں دیے ،اختیارات کی منتقلی کے بجائے کراچی کے بچے کچے اختیارات بھی پیپلزپارٹی نے اپنے قبضے میں لے لئے ،پیپلز پارٹی کی بھوک کا یہ عالم ہے کہ اب کراچی میں پیدا ہونے والے بچے کے برتھ سرٹیفکیٹ بھی سندھ حکومت بنائے گی، پیپلزپارٹی کے محلات عیش و عشرت اسی کراچی کے ٹیکس سے بنے ہیں۔ سڑکوں کے بعد اب پیپلزپارٹی کے محلات تک پہنچنے اور احتجاج کرنے کا وقت آگیا ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیرسید امین الحق نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کرپٹ سندھ حکومت شہری سندھ کو پیچھے کی جانب دھکیل رہی ہے ، کالے بلدیاتی قانون کے ذریعے شہری سندھ کے ادارے بھی کرپٹ سندھ حکومت کے سپرد کیے جارہے ہیں ،شہری سندھ کے عوام اور ایم کیوایم پاکستان کالے بلدیاتی قانون کو مکمل مسترد کرتی ہے ۔ سندھ حکومت کو متنبہ کرتاہوں کہ ان کی سازشوں سے شہری عوام میں غم وغصہ بڑھ رہا ہے۔