آرٹ اینڈ کلچر کے فروغ کی اشد ضرورت ،وزیر ثقافت
فنون لطیفہ کے لیے زبردست کام پر آرٹس کونسل تعریف کے لائق ہے ،سردار شاہ کی آرٹس اینڈ کرافٹس کے طلباکے تھیسیز ڈسپلے کے افتتاح پرگفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس کے طلبا کے تھیسیز ڈسپلے کا افتتاح صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کیا،وزیر ثقافت نے طلباکے فن پاروں پر مشتمل مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبا کی محنت و لگن کو سراہا ، تھیسیزڈسپلے میں آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹ کے زیر تعلیم طلباکے فائن آرٹس اور ٹیکسٹائل ڈیزائننگ پر مبنی فن پارے رکھے گئے ہیں۔ اس موقع پر سید سردار علی شاہ نے کہاکہ ہمیں معاشرے میں آرٹ اینڈ کلچر کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ، ہماری پوری کوشش ہے کہ یہ آرٹ اسکول مستقبل میں یونیورسٹی بنے ، ہمارے معاشرے میں آرٹ اینڈ کلچر پر مبنی یونیورسٹیوں کی شدید ضرورت ہے ، آرٹس کونسل کراچی تعریف کے لائق ہے جو فنون لطیفہ کے لیے زبردست کام کر رہی ہے ، آرٹس انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کرافٹس کے پرنسپل شاہد رسام نے کہاکہ جو خواب ہم نے دیکھا تھا خوشی ہے کہ وہ پورا ہو رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ایسے فنکار پیدا کریں جو معاشرے میں فنون لطیفہ کے حوالے سے کام کریں۔ آخر میں صوبائی وزیر ثقافت نے لائبریری کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ، ڈاکٹر فاطمہ حسن، بشیر خان سدوزئی اور شکیل خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ، تھیسیز ڈسپلے آرٹس کونسل کی آرٹ گیلری میں تین دن تک جاری رہے گا۔