ملیر ایکسپریس وے کے ترقیاتی کاموں کا آغا ز

ملیر ایکسپریس وے کے ترقیاتی کاموں کا آغا ز

کراچی(رپورٹ،حنیف اکبر)ملیر ایکسپریس وے کے ترقیاتی کاموں کا آغا ز ہوگیا،کاٹھور، قائد آباد کے بعد اب ملیر ندی، کورنگی کازوے ، جام صادق فلائی اوورچکراگوٹھ اورپیر بخاری کے مقام پر بنائے جانے والے انٹرچینجزکے لیے پائل ورک شروع کردیاگیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق کورنگی کازوے میں کئے جانے والے پائل ورک کی کھدائی کے کام مکمل ہونے کے بعد اٹھائیس ر و ز تک اس کا لوڈ ٹیسٹنگ کا مرحلہ ہوگا جس کے بعد اس مقام پر انٹرچینج کی تعمیر کا کام شروع کیاجائے گا ۔ذرائع کے مطابق39کلومیٹرپر مشتمل ملیر ایکسپریس وے منصوبے کی لاگت 39ارب سے بڑھ کر 42ار ب روپے ہوگئی ہے ، چھ لین پر مشتمل ایکسپریس وے ڈبل وے ہوگی جو کے پی ٹی انڈر پاس قیوم آباد سے شروع ہوکر کاٹھور کے قریب ایم نائن تک جائے گی ملیر ایکسپریس وے ملیر ندی کے بائیں طرف تعمیر کی جانی تھی جسے اب دائیں جانب منتقل کردیاگیاہے۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر ہونے والے اس منصوبے کو ایک کنسورشیم فنڈنگ کررہاہے جس میں سندھ گورنمنٹ بھی شامل ہے منصوبے میں تین فلائی اوور اورآٹھ انٹرچینج ہونگے ملیر ایکسپریس وے کے ساتھ 12 کلومیٹر لنک روڈ بھی ہوگااوریہ کورنگی کازوے سے ملیر ندی کے ساتھ ساتھ ہوگا ،ملیرایکسریس وے کا سنگ بنیاد گزشتہ برس پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے رکھاتھا ملیر ایکسپریس وے کے روٹ پر مختلف گوٹھوں کے مکینوں اورپیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے اعتراضات دورکرکے روٹ میں تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں