77سے زائد یونین کونسلوں کے اکاؤنٹ سربمہر کرنے کا حکم

77سے زائد یونین کونسلوں کے اکاؤنٹ سربمہر کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ نے شہرکی 77 سے زائد یونین کونسلوں کے اکاؤنٹ سربمہر کرنے کے لیے سندھ بینک کو خط لکھ دیا۔

 گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یونین کونسلوں سے لوکل گورنمنٹ بورڈ کے افسران کی جانب سے بھتے کی وصولی کے لیے رابطوں کی خبریں گردش کررہی تھیں، جس کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ نے 77 سے زائد یونین کونسلوں کے اکاؤنٹ سربمہر کرنے کا حکم دیا ہے ۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ضمیر عباسی نے متعلقہ یونین کونسلوں کو بھی لیٹرکے ذریعے مطلع کیاہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کو تاحکم ثانی استعمال نہ کریں۔

ذرائع کے مطابق ان اکاؤنٹس میں خطیر رقم کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر چھپنے والی خبروں میں ریجنل ڈائریکٹر سندھ ذاکر حسین رادھن پر الزام عائد کیاگیا تھاکہ وہ واٹس اپ پیغامات کے ذریعے یونین کونسلوں کے سیکریٹریوں سے بھتہ طلب کررہے ہیں، جس پر ان کے خلاف تحقیقات کی خبریں بھی سوشل میڈیاپر آئی تھیں۔

جمعہ کو پھر ان کی جانب سے شہرکی تمام 247 یونین کونسلوں کے اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹ طلب کرنے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق جن یونین کونسلوں کے اکاؤنٹس سربمہر کئے گئے ہیں ان میں مجموعی طورپر 12کروڑ روپے سے زائد رقم کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ 170 یونین کونسلوں کے اکاؤنٹس اسٹیٹمنٹ آنا باقی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں