جرائم روکنے کیلئے اسپیشل ٹیمیں شہریوں کی نظروں سے اوجھل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں راہزنوں کی آزادانہ اور بلا خوف و خطر کارروائیوں کو روکنے کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی کی اسپیشل ٹیمیں بھی شہریوں کی نظروں سے اوجھل ہوگئی ہیں، جس طرح ایس ایس یو کی اسکیٹنگ فورس کسی شہری کو کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔
جرائم کی وارداتوں کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے میڈیا پر یہ بیان/ پیغام دیا جانے لگا تھا کہ اس طرز کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اسپیشل پارٹیاں تشکیل دی جائیں، لیکن یہ اسپیشل پارٹیاں کہیں نظر نہیں آرہی ہیں۔ اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل سوشل میڈیا اور دیگر مین اسٹریم میڈیا پر پولیس کی اسکیٹنگ فورس کا بہت ذکر سنا تھا، لیکن وہ فورس صرف سوشل میڈیا تک ہی محدود ہوکر رہ گئی، قوی امکان ہے کہ شہر میں کسی اگلے بڑے ایونٹ پر پھر سے وہ سوشل میڈیا پر ایکٹو نظر آئے گی۔ اس حوالے سے جب کراچی پولیس چیف سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان سے رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔