شادی ہالز کیلئے ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی صدارت میں ان کے دفتر میں کورونا کے پھیلاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیاگیااور شادی ہالز میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ شادی ہالز کے لئے مقرر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ شادی ہالز میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے سخت اقدامات کریں، ماسک کے بغیر شادی ہالز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ شادی ہالز میں ایک ہزار سے زائد مہمانوں کے داخلے کی اجاز ت نہیں ہوگی۔ اس موقع پر تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں ویکسی نیشن اہداف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور ویکسی نیشن کے عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، نجی اسکولز ایسوسی ایشن کے نمائندوں، پاکستان رینجرز اور محکمہ صحت کے افسران اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں بارہ سال سے زیادہ عمر کے بچوں کی اسکولوں میں ویکسی نیشن کے لئے اسکول انتظامیہ کو پابند بنایا جائے گا، تعاون نہ کرنے والے اسکولوں کو بند کر دیا جائے گا۔