صنعتکار ملازمین،سیکیورٹی گارڈزکا ریکارڈ بنائیں، ڈی آئی جی

صنعتکار ملازمین،سیکیورٹی گارڈزکا ریکارڈ بنائیں، ڈی آئی جی

کراچی (بزنس رپورٹر) ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے صنعتکاروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی گارڈ زکا ریکارڈ مرتب کریں تاکہ صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک بنایا جاسکے۔

 اس ضمن میں سندھ پولیس صنعتکاروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات جاری رکھے گی جبکہ نکاٹی کے کرائم مانیٹرنگ سیل کو حکومت سند ھ سے نوٹیفائی کرانے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سے بھی بات کریں گے۔ یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم، ایس ایس پی انویسٹی گیشن شہلا قریشی ، صدر نکاٹی فیصل معیزخان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدر، سینئر ممبرایگزیکٹو کمیٹی سید عثمان علی،چیف ڈی ایم سی فاروق کھاتوڑا، سابق صدر نکاٹی سید طارق رشید اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

ڈی آئی جی ویسٹ نے مزید کہاکہ 3پولیس اہلکاروں، 3 ر ینجرز اہلکاروں اور نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے 3 افراد پر مشتمل ایک ٹیم ترتیب دی جائے گی، جس کا کام نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں امن وامان کے حوالے سے ایس او پیز مرتب کرنا اور ان پر عمل کرانا ہوگا، جبکہ بینک سے رقم نکلواتے وقت پولیس کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے موقع پر موجود ایس ایس پی سینٹرل کونکاٹی کرائم ما ینٹرنگ سیل کو مزید نفری فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں