طویل مدتی کام آئندہ منتخب میئر کرے گا،ایڈمنسٹریٹر کراچی ترقیاتی منصوبے جاری ، اب اختیارات کا رونا رونے کے بجائے کام ہو رہا ہے جلد ہی عسکری پارک کا قبضہ کے ایم سی کو مل جائے گا،مرتضیٰ وہاب کی گفتگو

طویل مدتی کام آئندہ منتخب میئر کرے گا،ایڈمنسٹریٹر کراچی  ترقیاتی منصوبے جاری ، اب اختیارات کا رونا رونے کے بجائے کام ہو رہا ہے جلد ہی عسکری پارک کا قبضہ کے ایم سی کو مل جائے گا،مرتضیٰ وہاب کی گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، اب اختیارات کا رونا رونے کے بجائے کام ہو رہا ہے، طویل مدتی کام آنے والا منتخب میئر کرے گا، شہر کا ماسٹر پلان اور پالیسی آنے والا منتخب میئر اور کونسل تیار کرے گی، کراچی چڑیا گھر کے تاریخی مغل گارڈن میں مختلف ادارے اور کارپوریٹ کمپنیاں آکر اپنے پروگرامز منعقد کریں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام کراچی چڑیا گھر میں تین روزہ میری گولڈ فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما تیمور میر، آفتاب جاکھرانی، معظم قریشی، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، سینئر ڈائریکٹر ریکریشن منصور قاضی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ ماضی میں یہ شہر پھولوں کا شہر نہیں تھا لیکن اب ہم اسے پھولوں سے آراستہ کر رہے ہیں، کراچی چڑیا گھر کے مغل گارڈن کے دروازے آج سے عوام کے لئے کھلے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں تعمیر و ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے ، کراچی کے تمام برجز کے ایکسپنشن جوائنٹس تبدیل اور مرمت کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عباسی شہید اسپتال ذوالفقار علی بھٹو نے تعمیر کیا تھا، ہم اسے بہتر کرنے جا رہے ہیں، اسپتال کو غلط طریقے سے چلایا گیا جس کے باعث آج وہ تباہ حال ہے، عسکری پارک کا قبضہ لینے کے لئے وہاں کی انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے، جلد ہی عسکری پارک کا قبضہ کے ایم سی کو مل جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں