اچھے معاشرے کی تشکیل کیلئے تعلیم ضروری ،سعدیہ راشد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کا اجلاس گزشتہ روزبیت الحکمہ آڈیٹوریم مدینۃ الحکمہ میں منعقد ہوا، جس کا عنوان ’’عالمی یوم تعلیم اور بچوں کے حکیم محمد سعید‘‘ تھا۔
اجلاس میں ممتاز کاروباری شخصیت کمانڈر (ر) محمد ذاکر کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان اور ہمدرد نونہال اسمبلی کی صدر سعدیہ راشد نے خطاب میں کہا کہ تعلیم ایک اچھے معاشرے کی تشکیل و تربیت کے لیے ضروری ہے، یہی شہید حکیم محمد سعید کا پیغام بھی تھا، آج ترقی یافتہ اقوام کی کامیابی کا راز تعلیم میں پوشیدہ ہے، ترقی یافتہ اقوام کی اخلاقی اقدار، ان کے سماجی شعور اور قانون پسندی کی وجہ ان معاشروں کا تعلیم یافتہ ہونا ہے۔
کمانڈر (ر) محمد ذاکر نے کہا کہ عظیم لوگوں کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنی فکر سے اگلی نسلوں کی رہنمائی کرتے ہیں، شہید حکیم محمد سعید نے جو ادارے قائم کیے ہیں، وہ ان شاء اللہ اگلی کئی صدیوں تک پاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے، شہید حکیم محمد سعید کی تقلید میں، میں نے بھی معاشرے میں تعلیم کے فروغ کو اپنا مشن بنایا ہے۔
انہوں نے اپنے اسکول سے متعلق بتایا کہ اس پروجیکٹ میں زیر تعلیم نونہالوں کو انٹر پرینیور شپ کی بھی تربیت دی جارہی ہے تاکہ ایسی باصلاحیت نسل پروان چڑھائی جاسکے جوملک کی اقتصادی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے۔