ضلع غربی کی غیر منصفانہ تقسیم پر متحدہ پاکستان کو تشویش

ضلع غربی کی غیر منصفانہ تقسیم پر متحدہ پاکستان کو تشویش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے ضلع غربی کی آبادی کی غیر منصفانہ تقسیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگھوپیر سب ڈویژن کی آبادی 7لاکھ 11ہزار 205 نفوس پر مشتمل ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت کی جانب سے نکالے گئے گزٹ نوٹیفکیشن کے شیڈول 1میں آبادی کو 5لاکھ تا 7لاکھ ظاہر کیا گیا ہے۔

منگھوپیر کی سب ڈویژ ن کی آبادی میں اورنگی ٹاؤن سب ڈویژن سے 2یوسیز کی آبادی 19لاکھ 7 ہزار 224 کو ملا کر ایک ٹاؤن بنا دیاگیا ہے، اس طرح منگھوپیر ٹاؤن کی کل آبادی 9لاکھ 8ہزار 459 ہوگئی ہے، جبکہ اورنگی ٹاؤن سب ڈویژن کی آبادی صرف 4 لاکھ 71 ہزار 452 رہ جاتی ہے، جسے مومن آباد ٹاؤن کا نام دیا گیا ہے جو شہری سندھ کراچی کے شہریوں کے ساتھ ایک خوفناک عمل ہے۔

حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ٹاؤن آفس منگھو پیر یا سرجانی ٹاؤن کے کسی علاقے میں بنایا جاتا ہے تو یوسی 11 اور یوسی 9 کے مکینوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے ٹاؤن آفس جانے کیلئے دشوار گزار اور طویل راستوں سے گزر کر کم از کم ایک گھنٹے کی مسافت کاراستہ طے اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے چیف جسٹس، وزیر اعظم،آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت کی اس گھناؤنی سازش کا نوٹس لیں اور انکوائری کمیٹی تشکیل دیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں