ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کے قاتل گرفتار نہ ہوسکے

ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کے قاتل گرفتار نہ ہوسکے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پولیس نے شہر قائد میں ایک ہفتے کے دوران 791ملزمان کو گرفتارکرنے کا دعویٰ ہے کیا جبکہ دو ہفتے کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیے جانے والے سات افراد کے قتل میں تاحال ملزمان گرفتارنہیں کیے جا سکے۔

 کراچی پولیس کے اعلامیے کے مطابق پولیس نے گزشتہ ہفتے ایسٹ، ویسٹ اور سائوتھ زونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 791 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی 87 کلو 265 گرام چرس، ہیروئن اور آئس برآمد کی ۔ گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 105 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن تحویل میں لے لیا گیا۔

شہر میں انسداد جرائم مہم کے دوران ملزمان سے پولیس کے تین مقابلے ہوئے ، فائرنگ کے تبادلے میں تین زخمی ڈاکوؤں سمیت چار ڈاکوؤں کو گرفتارکیا گیا، برآمدہ اسلحہ کو فارنزک کیلئے روانہ کیاگیا ۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کراچی نے مختلف کارروائیوں کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کر کے سات پستول بمعہ لوڈ میگزین، 1 کلو 150 گرام چرس، ہیروئن اور چوری و چھینی گئی تین موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں سے کار/ موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث گینگ کے 29 ملزمان گرفتار کر کے 7 چوری/ چھینی گئی گاڑیاں اور 16 موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔ کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 54 موٹرسائیکلیں اور 12 گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں