پیپلز پارٹی سندھ کے عوام پر عذاب ہے ، لیاقت بلوچ

پیپلز پارٹی سندھ کے عوام پر عذاب ہے ، لیاقت بلوچ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی و سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے سندھ کے رہنماؤں عبد الحفیظ بجارانی، حزب اللہ جکھرو سے ملاقات میں کہا ہے کہ سندھ میں پی پی پی اور پورے ملک میں پی ٹی آئی حکو مت عوام پر عذاب ہے، آئین و قانون کی بالا دستی، سماجی، اقتصادی اور عدالتی انصاف کا نفاذ جماعت اسلامی کی جدو جہد کی منزل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میگا سٹی ہے، میگا سٹی کو میگا اختیارات دینا سندھ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، پورا سندھ پی پی راج کیخلاف سراپا احتجاج ہے، عمران خان اور بلاول بھٹو نے عوامی احتجاج کے مقابلہ میں کان بند کر  رکھے ہیں، آمرانہ اور غیر جمہوری رویہ خود ان کے لیے مہنگا سودا ہوگا اورسندھ میں وڈیروں کی بیساکھیاں پی پی سیاست کا جنازہ نکال دیں گی، کراچی اور حیدرآباد ہی نہیں اندروں سندھ ہر شہر، گوٹھ اپنا حق مانگ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اسلام سے انحراف بند کریں، قرآن وسنت سے متصادم پاکستان کی اقتصادی، غلامی کی ظالمانہ قانون سازی ختم کی جائے، اسلام کی حکمرانی ہی پاکستان کو مثالی اسلامی خوشحال فلاحی ریاست بنا سکتی ہے، سود، قرضوں، کرپشن، بد انتظامی اور نا اہلی کی لعنت کو ختم کر کے خود انحصاری کی بنیاد پر اسلام کا معاشی نظام حل ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ قادیانی پاکستان کے آئین کو تسلیم کریں تو انہیں اقلیتوں کے تمام حقوق مل جائیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں