دستاویز نہ ہونے پر متعدد اسپتال وکلینک سربمہر، ڈاکٹر زوعملے کو کام سے روک دیا گیا

دستاویز نہ ہونے پر متعدد اسپتال وکلینک سربمہر، ڈاکٹر زوعملے کو کام سے روک دیا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر وسطی طحہٰ سلیم نے کورونا کی نئی لہر کے حوالے سے شہر میں تشویشناک اعداد و شمار کے پیش نظر فوری طور پر اہم اقدامات کئے ہیں۔

 اس سلسلے میں ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے سب ڈویژنز میں غیر مستند، خود ساختہ ڈاکٹروں سمیت غیر معیاری اسپتالوں، کلینکس اور کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ شب اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ دادن لاشاری نے انچارج کوکیری ضلع وسطی ڈاکٹر حرا ظہیر کے ہمراہ فیڈرل بی ایریا میں قائم فٹنس سینٹر، میڈیکل اسٹور، کلینکس اور میٹرنٹی اینڈ میڈیکل سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی و کورونا ایس او پیز کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔

جبکہ اسپتال و کلینکس کی انتظامیہ سے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی اسناد اور اسپتال کی رجسٹریشن ودیگر دستاویزات کے بارے میں تفصیلات طلب کیں، جن اسپتالوں، کلینکس کی اسناد و دستاویزات دستیاب نہ ہو سکیں اور جن ڈاکٹرز کے پاس میڈیکل پریکٹس کے لائسنس دستیاب نہ ہو سکے ایسے تمام اسپتالوں و کلینکس کو سربمہر اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کو کام کرنے سے روک دیا گیا، جبکہ ایسے اسپتالوں و کلینکس کو بھی سربمہر کر دیا گیا جہاں کورونا ایس او پیز اور صفائی ستھرائی کے اقدامات غیر معیاری تھے۔

سربمہر کردہ اسپتالوں و کلینکس کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز کو مقررہ وقت کے اندر تمام متعلقہ دستاویزات اور اسناد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد مذکورہ اسپتال و کلینکس دوبارہ آپریشنل ہو سکیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں