سیکریٹری ایجوکیشن کاگھوسٹ ملازمین کیخلاف کارروائی کا حکم

سیکریٹری ایجوکیشن کاگھوسٹ ملازمین کیخلاف کارروائی کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم کراچی ریجن میں گھوسٹ ملازمین کے گرد گھیرا تنگ، محکمہ اسکول ایجوکیشن میں 2019 سے 2021 کے دوران گھوسٹ ملازمین کی فہرست سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کو پیش کر دی گئی۔

  سیکریٹری غلام اکبر لغاری نے گھوسٹ ملازمین کے خلاف فوری محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیدیا۔ جس سے بدعنوان افسران کے ساتھ مبینہ رشوت کے عوض ڈیل کرنے والے گھوسٹ ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔ اس ضمن میں محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ کے اجلاس میں کراچی ریجن کے محکمہ اسکول کے سیکڑوں گھوسٹ ملازمین کی فہرست سیکریٹر ی کو فراہم کر دی گئی ہے جو محکمے کی اجازت کے بغیر بغیر اطلاع طویل عرصے سے غائب اور غیر حاضر ہیں۔

ذرائع نے بتایاکہ گھوسٹ ملازمین کی فہرست ڈائریکٹر سیکنڈری و پرائمری اسکولز کراچی ریجن نے سیکریٹری غلام اکبر لغاری کے طلب کرنے پر فراہم کی، جس کا سیکریٹری نے سخت نوٹس لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈی جی (ایم اینڈ ڈی) شاہ میر علی بھٹو نے 2019 سے لیکر2021 تک ملازمت سے غیر حاضر یا گھوسٹ ملازمین کی تفصیلات شیئر کیں جبکہ مذکورہ رپورٹ ریفارم سپورٹ یونٹ نے بائیو میٹرک حاضری کے دوران غیر حاضر ملازمین کی نشاندہی کیلئے مرتب کی تھی۔ مذکورہ رپورٹ میں ایسے سیکڑوں ملازمین کی نشاندہی ہوئی ہے جن کے خلاف محکمہ گھیرا تنگ کرے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں