غیرقانونی تعمیرات،کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈسے جواب طلب

غیرقانونی تعمیرات،کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈسے جواب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے پی اینڈ ٹی کالونی میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست پر کنٹونمنٹ بورڈ سے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔

 پیر کوجسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کو اپنے گھر سے کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ دوران سماعت عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے وکیل سے استفسار کیا کہ گوٹھ آباد کی طرح سندیں دے رکھی ہیں اپنی حدود میں، گزری میں11،11 منزلہ عمارتیں کیسے بن گئیں؟۔ اس موقع پر وکیل نے اعتراف کیا کہ یہ تمام غیر قانونی عمارتیں ہیں۔

سماعت کے دوران عدالت کاکہناتھا کہ پھر جنہوں نے اجازت دی ان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟ اپنے کتنے افسران کے خلاف کارروائی کی؟ ان علاقوں میں 11،11 منزلہ عمارتوں کی اجازت کون دے رہا ہے؟ فائل کا پیٹ بھرنے کے لیے جواب مت جمع کرائیں، اپنے گھر سے ایکشن شروع کریں، 13 منزلہ عمارت گرے گی تو کون ذمہ دار ہوگا؟۔ سماعت کے موقع پر کنٹونمنٹ بورڈ کے وکیل کاکہناتھا کہ جواب جمع کرا دیں گے مہلت دی جائے۔ جس پر عدالت کاکہناتھا کہ لمبی رپورٹس کے بجائے عملی اقدامات کریں۔ بعد ازاں عدالت نے  ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں